جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے رابی پیرزادہ کو جمعہ کو عدالت میںطلب کر رکھا تھا
لاہور کی مقامی عدالت میںکیس کی سماعت کے دوران حکم کے باوجود گلوکارہ پیش نہ ہوئیں
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مقامی عدالت نے گلوکارہ رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔لاہور کی مقامی عدالت میں رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر مگرمچھ اور اژدھے رکھنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے کی۔جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے رابی پیرزادہ کو آج طلب کر رکھا تھا تاہم حکم کے باوجود رابی پیرزادہ پیش نہ ہوئیں جس کے بعد عدالت نے رابی پیر زادہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے 13 ستمبر کو گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کے تحت تحفظ شدہ حشرات کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھنے پر چالان درج کیا۔ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں ، مگر مچھ اورشیر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں جس کی بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

