مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن، کرفیو اور پابندیاں انہترویں روز بھی جاری ہیں، کرفیو کے باعث مظلوم کشمیری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی انتظامیہ نے 5 اگست سے مسلسل دسویں ہفتے بھی گزشتہ روز کشمیریوں کو نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی جبر کے خلاف کشمیری کرفیو توڑتے ہوئے سڑکوں پر آ گئے، جنہوں نے بھارت مخالف نعرے لگائے۔ بڑی تعداد میں کشمیریوں نے سرینگر، بڈگام، گندربل، اسلام آباد، پلوامہ، کولگام، شوپیاں، بانڈی پورہ، بارہ مولا، کپواڑہ سمیت دیگر علاقوں میں نکل کر مظاہرے کیے۔
مختلف مقامات پر قابض بھارتی فوج کی جانب سے آنسو گیس شیلنگ اور پیلٹ گنزکی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔
کشمیر میڈیاسروس کےمطابق مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے، بھارتی لاک ڈاؤن سے اسپتال ویران اور مریض پریشان ہیں۔ خوراک، ادویات کا اسٹاک ختم ہو گیا ہے، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے بند، مواصلاتی نظام بدستور معطل ہے۔

