موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھارہی ہے، فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت
کراچی کے فلمی صحافیوں نے اطہر جاوید صوفی اور عبدالوسیع قریشی کی سربراہی میں ملاقات کرکے گورنر کو ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلات دیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبہ با لخصوص کراچی شہر میں امن و امان کے قیام کے بعد ثقافتی ، ادبی ، کاروباری ، سماجی اور دیگر سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ کے باعث کراچی ایک بار پھرروشنیوں کا شہر بن گیا ہے لوگ رات دیر تک فلم دیکھنے کے لئے سینما ئوں کا رخ کررہے ہیں جس سے فلم انڈسٹری ایک بار پھر فعال ہو رہی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ، موجودہ حکومت فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالواسیع قریشی کی سربراہی میں 10 رکنی وفدسے ملاقات کے دوران کیا ۔ وفد میں چیئرمین اطہر جاوید صوفی‘ سینئر رکن قیصر مسعود جعفری‘ راشد نور‘ خالد فرشوری‘ حفیظ انصاری‘ اختر علی اختر‘ خالد شکیل‘ یاسمین طحہ ‘غزالہ فصیح شامل تھیں۔ملاقات میں فلم انڈسٹری کے حالات، لیجنڈ فنڈ اور سینمائوں کی بحالی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی ترجیحی بنیادوں پر فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے موثر اقدامات اٹھار ہی ہے امید ہے کہ بہت جلد فلمی صنعت ایک بار پھر فعال ہو جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اداکار قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں سے لوگوں کو محظوظ کرتے ہیں جو کہ صحت مند معاشرہ کے لئے انتہائی نا گزیر ہے ، موجودہ حکومت فنکاروں کی فلاح و بہوبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بھرپور اقدامات یقینی بنا رہی ہے تاکہ ہمارے معاشرہ کا فنکار مزید اچھے انداز میں اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لا سکے اس ضمن میں فنکار برادری کی حوصلہ افزائی کے لئے لیجنڈ اداکاروں کے لئے قائم کردہ صوبائی فنڈ کو فعال بنانا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ملاقات میں ایسوسی ایشن کے صدر عبدالوسیع قریشی اور چیئرمین اطہر جاوید صوفی نے فلم انڈسٹری کی بحالی ، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور اس سے متعلق دیگر امور پر ایسوسی ایشن کے اقدامات سے گورنرسندھ کو آگاہ کیا۔ جس پر گورنر نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے ملاقات کا یقین دلایا۔

