صارفین کی بائیو میٹرک تصدیق بھی دوبارہ کی جارہی ہے
سری نگر، 18اکتوبر (ساؤتھ ایشین وائر):
مقبوضہ کشمیر میں پیر کے روز دوپہر 12بجے جب 71دنوں بعد پوسٹ پیڈ موبائل خدمات کو بحال کیا گیا تو لوگوں نے کسی حد تک سکھ کی سانس لی۔
لیکن اب مقبوضہ کشمیر میں ریچارج سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق تمام مواصلاتی کمپنیوں کے دفاتر اور چند فرنچائزپر پوسٹ پیڈ صارفین ریچارج اور بل کی ادائیگی کی غرض سے لمبی قطاروں میں اپنی باری کا انتظار کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ کیونکہ انٹرنیٹ پر مکمل پابندی سے فرنچائز، آن لائن ریچارج اور بل ادائیگی ممکن نہیں ہے۔
ریچارج سہولیات کی کمی کی وجہ سے صارفین نے جموں سے اپنے دوست اور رشتہ داروں سے اپنے موبائل نئے ٹیرف کے حساب سے ریچارج کروائے لیکن ابھی بھی 50-60فیصد پوسٹ پیڈ موبائل بندپڑے ہیں۔
ساؤتھ ایشین وائرکے مطابق پوسٹ پیڈ صارفین کواب نئے پیکیج پلان کے مطابق اپنے فون ریچارج کروانے پڑ رہے ہیں۔
مزید برآں بل کی ادائیگی کرنے کے ساتھ ہی صارفین کو اپنے کوائف نئے سرے سے درج کروانا پڑ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں بائیو میٹرک تصدیق بھی دوبارہ کی جارہی ہے۔ اور کثیر تعداد میں صارفین کے موبائل فون کی سروس بحال بھی نہیں کی جارہی ۔