کراچی: گلوکار علی ظفر نے بلوچی زبان کے بعد پشتو زبان میں بھی نغمہ سرائی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
گلوکار علی ظفر نے حال میں بلوچستان کی ایک باکمال 12 سالہ گلوکارہ کے ساتھ ’’لیلیٰ او لیلیٰ ‘‘ گانا گایا تھا جسے بہت سراہا گیا۔ اب اسٹائلش گلوکار نے اپنی ٹویٹ میں پاکستان کے دیگر حصوں سے بھی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’ میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ اگر آپ دوسروں کو روشنی نہیں دے سکتے تو آپ کوئی اسٹار نہیں ہیں، گانا ’’لیلیٰ او لیلیٰ‘‘ کے بعد میری خواہش ہے کہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے بھی نوعمر ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے‘۔
انہوں ںے کہا کہ ’پشتو گانے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ مجھے اس (پشتو) گیت کا لنک بھیجیں جو آپ چاہتے ہیں کہ میں گاؤں اور ساتھ ہی گلوکار کا نام بھی بھیجیں‘۔
I’ve always believed that “you are not a star if you can’t shine for others”. After Laila O Laila, I wish to do more to show other parts of Pakistan with its young talent. How about a Pashto song? Send me the link to the song you would like me to sing and the singer. 🙌😎#pashto
— Ali Zafar (@AliZafarsays) October 20, 2019

واضح رہے کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں علی ظفر نے کوئٹہ کی 12 سالہ عروج فاطمہ کے ساتھ کلاسیکی بلوچ گیت گایا تھا جسے بہت پذیرائی ملی تھی۔ اس موقع پر عروج فاطمہ نے کہا تھا کہ وہ علی ظفر کی بہت بڑی مداح ہیں اور ان کے ساتھ گانا فخر کی بات ہے۔
