ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بھارت کی بنگلہ دیش کے ہاتھوں سات وکٹ سے شکست

بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش کی جیت میں مشفق الرحیم نے خاص کردار ادا کیا۔ انہوں نے 43 گیندوں پر ناقابل شکست 60 رنز کی زور دار اننگ کھیلی۔

دہلی میں کھیلے گئے سیریز کے اس پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ بھارت کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر اٹھانا پڑا جب کپتان روحیت شرما شفیع الاسلام کو دو چوکے لگانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد دھون اور راحول نے مل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ تاہم راحول بھی ساتویں اوور میں 15 رنز بنا کر امین الاسلام کی گیند پر کپتان محمود اللہ کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد شکھر دھون نے شریاس ایر کے ساتھ مل کر سکور 70 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر ایر 13 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بنا کر پیویلین لوٹ گئے۔ انہیں امین الاسلام نے محم نعیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ بھارت کی چوتھی وکٹ 15 ویں اوور میں 95 رنز پر گری جب شکھر دھون 42 گیندوں پر 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے سات رنز بعد شیوم دوبے کو عفیف حسین نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر دیا۔ بھارت کے آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹسمین وکٹ کیپر رشبھ پانٹ تھے جنہوں نے 26 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ شفیع الاسلام نے حاصل کی۔

یوں بھارت نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے شفیع الاسلام اور امین الاسلام نے دو دو اور عفیف حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جیت کے لیے 149 رنز کے ہدف کا تعقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر لٹن داس پہلے ہی اوور میں سات رنز بنا کر چلتے بنے۔ انہیں چہار کی گیند پر راحول نے کیچ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد محمد نعیم اور سومیا سرکار میں 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد نعیم تھے جو آٹھویں اوور میں 26 رنز بنا کر چہار کو وکٹ دے بیٹھے۔ ان کا کیچ شکھر دھون نے لیا۔ سومیا سرکار اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم میں تیسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ ہوا۔ سومیا سرکار 17ویں اوور کی آخری گیند پر 35 گیندوں پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں خلیل احمد نے بولڈ کیا۔

بنگلہ دیش نے مذید کوئی وکٹ گنوائے بغیر 19.3 اوورز میں 154 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔ مشفق الرحیم 60 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کپتان محموداللہ تھے جنہوں نے 15 رنز بنائے۔ مشفق الرحیم کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

یہ میچ جیت کر بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بنگلہ دیش کیلئے یہ جیت اس لیے بھی اہم تھی کہ چند ہی روز پہلے شکیب الحسن پر آئی سی سی نے بوکیز کی طرف سے رابطے کرنے کے بارے میں اطلاع نہ دینے پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں