سافٹ ویئر انجینئر نوکری سے نکالے جانے پر حیران کُن طور پر جھوم اٹھا

سافٹ ویئر انجینئر نوکری سے نکالے جانے پر غمزدہ ہونے کے بجائے بلکہ جھوم اٹھا جس کی وجہ آپ کو حیران کردے گی۔

آج کے دور میں ملازمت چھن جانے کا خوف ہر ملازم کو ستاتا ہے خاص طور پر پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے افراد چھنٹنی  کی خبر سنتے ہی اپنے مستقبل کو لے کر پریشان ہو جاتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی کسی ایسے شخص کے بارے میں سنا ہے، جو ملازمت سے نکالے جانے پر افسردہ ہونے کی بجائے خوشی سے جھوم اٹھا ہو؟

سوشل میڈیا پر ایک سافٹ ویئر انجینئر کی ایسی ہی کہانی زیرِ بحث ہے جس کے لیے ملازمت ختم کرنے کا کمپنی کا فیصلہ کسی بڑی راحت سے کم ثابت نہیں ہوا۔ اتنا ہی نہیں کمپنی کی جانب سے ملنے والے ایگزٹ پیکیج نے اس کی مالی پریشانی بھی کافی حد تک دور کر دی۔

ریڈٹ پر اپنی کہانی شیئر کرنے والے اس انجینئر نے بتایا کہ وہ ایک بڑی ٹیک کمپنی میں گزشتہ پانچ سالوں سے کام کر رہا تھا، شروع میں سب کچھ معمول کے مطابق تھا لیکن چند ماہ پہلے شہر تبدیل کرنے کی وجہ سے اس نے کمپنی کے اندر اپنا شعبہ تبدیل کر لیا، نئی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد اس کی مشکلات بڑھنے لگیں۔

انجینئر کے مطابق وہاں کا ماحول کافی منفی تھا اسے نہ تو ساتھی ملازمین سے تعاون ملتا تھا اور نہ ہی اس کے کام کو مناسب اہمیت دی جاتی تھی یہاں تک کہ اس کی مہارت اور انٹرویو کو لے کر بھی توہین آمیز تبصرے کیے گئے۔ وہ خود کو بہتر بنانے اور نئی چیزیں سیکھنے کے لیے تیار تھا، لیکن مسلسل ہونے والی تنقید نے اس کا اعتماد کمزور کر دیا۔

حالات ایسے ہو گئے تھے کہ روزانہ دفتر جاتے وقت اس کے ذہن میں ملازمت چھوڑنے کا خیال آتا تھا۔ وہ اس تناؤ بھرے ماحول سے باہر نکلنا چاہتا تھا لیکن خود استعفیٰ دینے کا فیصلہ نہیں کر پا رہا تھا۔

اسی دوران کمپنی نے ملازمین کی چھنٹنی کا اعلان کر دیا جہاں دوسرے ملازمین اپنی ملازمت بچانے کی فکر میں تھے، وہیں اس انجینئر کو لگا کہ شاید اب اسے اس ماحول سے چھٹکارا مل جائے گا۔ اس نے اپنے مینیجر اور ڈائریکٹر سے یہاں تک کہہ دیا کہ اسے بھی چھنٹنی کی فہرست میں شامل کر لیا جائے کچھ وقت بعد کمپنی نے آخرکار اسے بھی ملازمت سے فارغ کردیا۔

ملازمت ختم ہونے کے ساتھ ہی کمپنی نے اسے ایک شاندار مالی پیکیج بھی دیا اس میں تین ماہ کی تنخواہ، مقررہ وقت پر کاغذی کارروائی مکمل کرنے پر ایک ماہ کی اضافی تنخواہ اور پانچ سال کی ملازمت کے بدلے پانچ ماہ کی تنخواہ شامل تھی۔

اس کے علاوہ دو ماہ کی تنخواہ کے برابر ری لوکیشن بونس، بچی ہوئی چھٹیوں کے بدلے تقریباً ایک سے دو ماہ کی ادائیگی اور جنوری کے آخر تک ملنے والی معمول کی تنخواہ بھی اسے حاصل ہوئی۔

انجینئر کے مطابق ان تمام رقوم کو ملا کر پیکیج تقریباً 15 ماہ کی تنخواہ کے برابر ہو گیا۔ اب اس کی کہانی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ صارفین بھی دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کبھی کبھی زندگی میں ملازمت چھن جانا بھی فائدے کا سودا ثابت ہو سکتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں