ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کے انسانی حقوق کمیشن نے والدین کو تنبیہ کی ہے کہ بیٹیوں کی شادی میں تاخیر نہ کریں۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ ایسے والدین انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں جو بیٹیوں کی شادی میں تاخیر کرتے ہیں، اس سے خواتین کا استحقاق مجروح ہوتا ہے اور ہمارے مذہب میں بھی بیٹیوں کی شادی میں تاخیر سے منع ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ سعودی قانون کے مطابق ایسا کرنے والے والدین کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔ شرعی قانون کے مطابق ایسی خواتین جنہیں اپنی شادی کے حوالے سے والدین کی طرف سے ایسے رویے کا سامنا ہو وہ مقدمہ دائر کرانے کی مجاز ہیں۔

