English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سلمان خان کے والد اور جاوید اختر نے مسجد بنانے کی مخالفت کردی

القمر

 ممبئی: سلمان خان کے والد فلمساز و مصنف سلیم خان اور معروف لکھاری جاوید اختر نے بابری مسجد کے بدلے کسی اور جگہ دوسری مسجد کی تعمیر کے لیے دی جانے والی 5 ایکڑ زمین پر مسجد بنانے کے بجائے اسکول یا خیراتی اسپتال بنانے کا مطالبہ کردیا۔

دبنگ خان کے والد، معروف فلم ساز اور ڈائیلاگ رائٹرز سلیم خان نے ایودھیا کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا  کہ مسجد کے لیے دی جانے والی جگہ پر اسکول بناناچاہیے، اس وقت ہمیں مسجد سے زیادہ اچھے اسکولوں کی اشد ضرورت ہے۔

یہ خبر پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ مندر تعمیر کرنے کا حکم دے دیا

سلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیغمبر آخری الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں دو اہم تعلیمات دی ہیں، محبت سے پیش آنا اور درگزر کرنا۔ اب ایودھیا کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہوگیا۔ مسلمان ان دو انمول موتیوں پرعمل کریں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مسلمانوں کو 5 ایکڑ زمین کی بھیک نہیں بابری مسجد چاہیئے، اسد اویسی

دوسری جانب شاعر اور کئی کامیاب فلموں کے مصنف جاوید اختر نے بھی ایودھیا کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے  ہوئے کہا کہ مسجد کے لیے دی جانے والی زمین پر اسپتال بنانا چاہیے کیوں کہ مساجد بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن اچھے اسپتالوں کی کمی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے زمین ہندوؤں کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا اور مسلمانوں کو ایودھیا میں ہی کسی اور جگہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمیں دینے کا حکم بھی دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے