پشاور(سید وزیر علی قادری)پشاور میں 33 ویں قومی کھیلوں کے پہلے روز مقابلوں کے اختتام پر مجموعی طور 16 گولڈ میڈلز اپنے نام کئے، واپڈا 10 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے اور پاکستان نیوی 8گولڈمیڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پشاور میں ہونے والے ایونٹس میں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں کو سینئر وزیر کھیل محمد عاطف خان نے میڈلز پہنائے۔ شوٹنگ ایونٹ میں آرمی نے 13 سونے، 8 چاندی اور 9 کانسی تمغے جیتے، پاکستان نیوی نے 7 سونے، 11 چاندی تمغے جیتے، پی اے ایف کے شوٹرز نے2 سونے کے تمغے حاصل کرتے ہوئے اسی ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان واپڈا اور سندھ نے بھی شوٹنگ میں ایک ایک سونے کا تمغہ جیتا۔ اتھلیٹکس 100 میٹر دوڑ میں واپڈا کے سمیع اللہ نے سونے، آرمی کے عزیر رحمن نے چاندی، اور آرمی ہی کے شہباز نے کانسی تمغے جیتے۔ خواتین100 میٹر دوڑ میں واپڈا کی نجمہ پروین نے سونے، صاحب آسرا نے چاندی اور آنیہ گلزار نے کانسی تمغیحاصل کئے۔ مرد ہاکی ایونٹ میں خیبر پختونخوا نے سندھ کو4-0 سے ہرایا، آرمی کو پولیس کے خلاف واک اوور مل گیا، پنجاب نے نیوی کو6-2 سے ہرایا۔پشاور میں قومی کھیل اتھلیٹکس ایونٹ میں پاکستان آرمی نے2 نئے قومی ریکارڈ قائم کر دیئے۔ پہلا ریکارڈ پاکستان آرمی سدرہ بشیر نے پول والٹ میں قائم کیا جنہوںنے 3 اعشاریہ 15 کے ساتھ قائم کیا انہوں نے اپنا ہی پرانا ریکارڈ توڑا۔ دوسرا ریکارڈ بھی پاک آرمی ہی کی ماریہ مراتب نے ٹرپل جمپ میں قائم کیا انہوں نے 12.25 میٹر کے ساتھ قائم کیا۔ واضح رہے کہ پچھلے سال قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں انہی کھلاڑیوں نے ریکارڈ بنایا تھا اور اب قومی کھیلوں میں اپنے ریکارڈ توڑ دیئے۔پول والٹ میں دوسری پوزیشن واپڈا کی نسرین اختر، تیسری پوزیشن آرمی کی مہناز نے حاصل کی۔ ٹرپل جمپ میں دوسری پوزیشن واپڈا کی امینہ سراج اور تیسری پوزیشن پنجاب کی امت الرحمن نے حاصل کی۔ 33 ویں قومی کھیل میں تھرو بال ایونٹ میں سندھ نے مضبوط واپڈا کی ٹیم کو2-0 سے شکست دیکر اپ سیٹ کر دیا۔ سندھ نے25-21اور25-22 سے کامیابی حاصل کی۔ باسکٹ بال ایونٹ میں آرمی نے بلوچستان کو 3 پوائنٹس کے مقابلے میں 92 اور واپڈا نے خیبر پختونخوا کو 14 کے مقابلے میں 108 پوائنٹس سے ہرایا۔ قومی کھیلوں کے شوٹنگ میں پاکستان آرمی نے سونے کے12 تمغے جیت لئے ہیں جبکہ پاکستان نیوی نے سونے کے7 تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر لی جبکہ پاکستان ائیر فورس کے نشانہ بازوں نے سونے کے2 تمغے جیت لئے۔ پاکستان واپڈا اور سندھ نے بھی ایک ایک سونے کا تمغہ جیتا۔سکیٹ،ٹریپ،ڈبل ٹریپ،ائیر رائفل، ائیر پسٹل میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے انفرادی میڈل حاصل کئے جبکہ پاکستان نیوی کی جانب سے 6 انفرادی اور ایک ٹیم ایونٹ میں سونے کے تمغے جیتے گئے۔ قومی کھیلوں کے باضابطہ افتتاح سے قبل شوٹنگ مقابلے جہلم میں شروع ہو گئے تھے تاہم ابھی 2 ایونٹس باقی ہیں۔اگرچہ پاکستان واپڈا اور صوبہ سندھ کے نشانہ باز بھی تمغے حاصل کرنے میں کامیاب رہے تاہم خیبر پختون خوا کے نشانہ باز ایک پوائنٹ بھی حاصل نہیں کر سکے اور ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ 33ویں قومی کھیل کے سلسلے میں گزشتہ روز پشاور کے پی اے ایف ا سکواش کمپلیکس میں ہونیوالے مردوں کے مقابلوں میں ریلویز نے بلوچستان‘پی اے ایف نے سندھ‘واپڈا نے نیوی اور پنجاب نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی‘ریلویز کے ظاہر شاہ نے بلوچستان کے جہانزیب کے خلاف گیارہ چار‘11-7 اور11-5 ریلویز کے زین رحمان نے بلوچستان کے فہد صدیقی کے خلاف 11-5 ‘11-2 اور11-6 جبکہ ریلویز کے علی بخاری نے بلوچستان کے وقار خان کے خلاف 11-5 ‘15-13اور 11-9سے کامیابی حاصل کی ‘پی اے ایف کے وقار محبوب نے سندھ کے نعمان کے خلاف 11-6‘11-7اور 11-4‘پی اے ایف کے فرحان محبوب نے سندھ کے محمد فیضان کے کلاف 11-0 ‘12-14 ‘11-5اور11-6 جبکہ پی اے ایف ہی کے ذیشان زیب نے سندھ کے نوید رحمان کے خلاف 11-8‘11-8 اور11-6 سے کامیابی حاصل کی ‘واپڈا کے فرحان محبوب نے نیوی کے سعد عبداللہ کے خلاف11-6 ‘11-4 سے کامیابی حاصل کی۔
پشاور: قومی کھیل کے آغاز کے موقع پر ائرفورس کا دستہ سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے ،دوسری تصویر میں پاک ائرفورس کا پیراگلائٹراپنے فن کا مظاہرہ پیش کررہاہے
