امرود خوش رنگ اور خوش ذائقہ پھل ہے جو اینٹی آکسائیڈنٹ، وٹامن سی، پوٹاشیم اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے اوراس کے زبردست غذائی اجزا اسے صحت کے لیے بہت فائدہ مند بھی بناتے ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق امرود بلڈ شوگر کے مریضوں کے لیے سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ امرود کھانے کی عادت بلڈ شوگر کنٹرول کو بہتر بناسکتی ہے۔
متعدد تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی کے امرود کے پتوں کا ایکسٹریکٹ بلڈ شوگر لیول کو بہتر کرتا ہے۔ طویل المیعاد بنیادوں پر بلڈشوگر اور انسولین کی مزاحمت کو کنٹرول کرتا ہے۔
یہ ان افراد کے لیے اچھی خبر ہے جو ذیابیطس کے مریض ہیں یا ان میں اس مرض کا خطرہ زیادہ ہے۔ کیوں کہ انسانوں پر ہونے والی کچھ تحقیقی رپورٹس میں بھی اس حوالے سے متاثر کن نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس پھل کے پتوں کی چائے کھانے کے بعد پینا بلڈ شوگر لیول کو کم کرتا ہے اور یہ اثر 2 گھنٹے تک برقرار رہ سکتا ہے۔
ایک اور تحقیق میں ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار 20 افراد کو امرود کے پتوں کی چائے کا استعمال کھانے کے بعد کرایا گیا، تو ان کا بلڈ شوگر لیول 10 فیصد سے زیادہ کم ہوگیا۔
امرود کھانے سے جسم میں نمک یا سوڈیم اور پوٹاشیئم کے توازن میں بہتری آتی ہے جس سے بلڈ پریشر کنٹرول میں آتا ہے، یہ پھل صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول اور دیگر عناصر کی سطح بھی کم کرتا ہے جو کہ امراض قلب کا باعث بنتے ہیں۔
اس میں غذائی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور ایک امرود ہی فائبر کی روزانہ کے لیے ضروری مقدار کا 12 فیصد حصہ جسم کو فراہم کردیتا ہے جو کہ نظام ہضم کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے، امرود کے بیج بھی قبض کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
امرود میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کے لیے بہترین ہے، یہ پھل نہ صرف عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی سے تحفظ دیتا ہے بلکہ اسے بہتر بھی کرتا ہے۔ یہ موتیے کے مرض کی رفتار کو بھی سست کرتا ہے۔
اس پھل میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو حاملہ خواتین کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
امرود میں موجود میگنیشم، مسلز اور اعصاب کو پرسکون کرتا ہے، لہذا دن بھر کے کاموں کے بعد اسے کھانے سے مسلز کو سکون ملتا ہے، ذہنی تناﺅ کم ہوتا ہے جبکہ جسمانی توانائی بڑھتی ہے۔
اس پھل میں وٹامن بی تھری اور بی سکس بھی موجود ہے جو کہ دماغ کی جانب خون کی فراہمی کو بہتر کرتے ہیں اور ذہنی افعال کو تحریک دینے کے ساتھ اعصاب کو بھی سکون پہنچاتے ہیں۔
اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو امرود کھانا شروع کردیں، جس سے آپ کو اپنی غذا میں پروٹینز، وٹامنز اور فائبر میں کمی نہیں لانا پڑے گی جو کہ اس پھل میں موجود ہے جبکہ یہ میٹابولزم کو بھی بہتر کرتا ہے اور ہاں اسے کھانے سے جلد پیٹ بھرنے کا احساس بھی ہوتا ہے۔
