برسلز (خصوصی رپورٹ) پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کیلیے بھارت کی65 ممالک میں قائم 265 جعلی نیوز ویب سائیٹس پکڑی گئیں جنہیں بھارتی ایجنسیوں کے افراد پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ اس امر کا انکشاف یورپی یونین کی ڈس انفارمیشن لیب نے اپنی جامع تحقیقات میں کیا ہے۔ یورپی یونین کی ڈس انفارمیشن ٹاسک فورس نے اپنی تحقیق کے دوران 65 ممالک میں قائم 265 جعلی نیوز ویب سائیٹس کو پکڑا‘ ان میں سے ایک خود ساختہ میگزین کی جانب سے روس ٹوڈے اور وائس آف امریکا جیسے عالمی نشریاتی اداروں کو بھی فرضی رپورٹیں ارسال کی جا رہی ہیں جن میں پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ نارواسلوک کے بارے میں جھوٹی خبریں جاری کی جاتی ہیں اور بھارت کا بہتر امیج پیش کرنے کے لیے فرضی ناموں سے آرٹیکل بھی جاری کیے جاتے ہیں۔
