English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران ،مہنگائی کیخلاف مظاہرے ،پرتشدد ہوگئے،شہری ہلاک

ایران: تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج عوام کی جانب سے سڑکیں بند کیے جانے پر ٹریفک جام ہے
ایران: تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سراپا احتجاج عوام کی جانب سے سڑکیں بند کیے جانے پر ٹریفک جام ہے

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے کئی شہروں میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ہفتے کے روز ایران کے کئی شہروں میں مظاہرین نے ٹریفک روک کر احتجاج کیا۔ کچھ شہروں میں مظاہرین نے ٹائر جلاکر حکومتی فیصلے کے خلاف آواز بلند کی۔ سیرجان شہر میں مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کی اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ وسطی ایران کے اس شہر میں ایک فیول اسٹیشن کو آگ بھی لگا دی گئی۔ جمعہ کو رات گئے بھی ملک کے مختلف صوبوں میں لوگ مجمع کی شکل میں سڑکوں پر موجود رہے۔ دارالحکومت تہران کے مغرب میں واقع قصبے قلعہ حسن خان میں مظاہرین کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ سیکورٹی فورسز کے دھاوے کے بعد مظاہرین نے ان پر پتھراؤ کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے وڈیو کلپس کے مطابق دارالحکومت تہران میں گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد ہارن بجاتے ہوئے سڑکوں پر آ گئی اور راستہ بند کرنے کے لیے گاڑیوں کو سڑکوں کے بیچ کھڑا کر دیا گیا۔ عرب اکثریتی آبادی والے خطے اہواز میں سوشل میڈیا کارکنان نے ایک وڈیو کلپ وائرل کیا، جس میں اسلحہ سے لیس سیکورٹی فورسز فائرنگ کرتے ہوئے مظاہرین کو دور بھگا رہی ہیں۔ اسی طرح مظاہرین کی جانب سے شہر کے داخلی راستوں کو بند کر دینے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اہواز صوبے کے جنوب میں ساحلی شہر معشور کے مختلف علاقوں میں مشتعل نوجوانوں نے ٹائر جلا کر راستوں کو بند کر دیا۔ فارس صوبے کے مرکز شیراز شہر میں کئی نوجوانوں نے سڑک پر آگ لگا کر راستہ بند کر دیا اور سڑکوں کے بیچ اپنی گاڑیاں پارک کر دیں۔ جمعہ کے روز حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 50فیصد اضافہ کرنے کے علاوہ کوٹا بھی مقرر کر دیا تھا۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت 10ہزار ریال فی لٹر سے بڑھا کر 15ہزار ریال فی لٹر کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے