کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی کے آٹھویں راؤنڈ کا آغاز آج سے ہوگا۔دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے والے ایونٹ میں صرف تین راؤنڈز باقی رہ گئے ہیں۔آٹھویں راؤنڈ میں ناردرن کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے خلاف ہوگا۔ اس سے قبل ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا تھا تاہم آٹھویں راؤنڈ میں ایک بار پھر مدمقابل آنے والی ٹیموں کے درمیان پیر سے شروع ہونے والا میچ نتیجہ خیز ثابت ہونے کی توقع ہے۔گذشتہ راؤنڈ میں کامیابی کی بدولت 15 پوائنٹس حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم مجموعی طور پر 71 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ساتویں راونڈ کے آغاز سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ناردرن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سندھ کو شکست دے کر حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ ایونٹ میں واحد کامیابی کے باوجود ناردرن کی ٹیم فائنل میں رسائی کی مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئی ہے۔ 18 نومبر بروز پیرسے شروع ہونے والے راؤنڈ میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔ناردرن کی ٹیم ایونٹ میں 2 شکستوں کا سامنا کرنے والی واحد ٹیم ہے تاہم ساتویں راؤنڈ کے میچ میں کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن مستحکم کردی ہے۔ سندھ کے خلاف میچ میں 14 رنز کے عوض ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن نے فیضان ریاض کی ڈبل سنچری کی بدولت 408 رنز کا مجموعہ اسکور کیا جس کے بعد کپتان نعمان علی کے میچ میں 9 شکار نے ناردرن کو 145رنز سے کامیابی دلادی تھی۔ 36وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر نعمان علی تاحال ایونٹ کے بہترین باؤلر ہیں۔ دوسری جانب سدرن پنجاب کی امیدوں کا محور اوپننگ بلے باز سمیع اسلم ہوں گے۔ تاحال ایونٹ میں 138.83کی بہترین اوسط کے ساتھ 833 رنز اسکور کرنے والے سمیع اسلم نے آخری میچ میں خیبرپختونخوا کے خلاف بھی ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز ایونٹ میں تاحال 4 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں اور اس سیزن میں ان کا بہترین اسکور 243 رنز ہے۔58 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود سندھ کی ٹیم کو آٹھویں راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔ 108 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو زیر کرنے کے لیے سندھ کو جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں ہوا جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کی ٹیم میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ٓآٹھویں راونڈ کے اہم میچ میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد کوفوادعالم سے بہترین بلے بازی اور تابش خان سے عمدہ باؤلنگ کی توقعات ہیں۔فواد عالم ایونٹ میں سندھ کی جانب سے تاحال 2 سنچریاں اسکور کرنے والے واحد بلے باز ہیں جبکہ تابش خان ٹورنامنٹ میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ادھر کم روشنی کے باعث سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں صرف 217.2اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جہاں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے پر سنٹرل پنجاب کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں طلب کیے گئے فاسٹ باؤلر اعزاز چیمہ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 5وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میچ میں عمر اکمل نے 94 اور عثمان صلاح الدین نے 78 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلی اور آخری نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان آٹھویں ر اؤنڈ میں کانٹے دار میچ کی توقع ہے۔آئندہ راؤنڈ میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایبٹ آباد میں شیڈول میچ کو موسم میں غیرمتوقع تبدیلی کے باعث کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔بلوچستان کی بیٹنگ لائن اپ میں ترپ کا پتہ 23 سالہ نوجوان کرکٹر عمران بٹ ہیں جو 673 رنز بناکر تاحال ایونٹ کے تیسرے بہترین بلے باز ہیں۔ عمران بٹ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے آخری میچ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف بھی سنچری اسکور کی تھی۔گذشتہ راؤنڈ میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے بلوچستان کے محمد اصغر ایونٹ میں 19وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے پانچویں بہترین باؤلر ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجودخیبرپختونخوا کی ٹیم کو تاحال ایونٹ میں کسی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
