آکسی پیور بار میں صارفین کو 15 منٹ تک 80 سے 90 فیصد تک خالص آکسیجن فراہم کی جاتی ہے
متعدد خوشبوئوں سے لیس یا بغیر خوشبوئوں میں لیموں کے پتوں، لیونڈر، چیری، یوکلپٹس و دیگر شامل
صارفین آکسیجن کی ٹیوب ناک کے پاس رکھ کر اس کے ذریعے سانس لیتے ہیں، انڈس ایکسپریس
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی دارالحکومت میں تازہ آکسیجن فروخت ہونے لگی، انڈین ایکسپریس کے مطابق آریا ویر کمار اور مارگا ریتا کرتسیانا نے نئی دہلی میں پہلا آکسی پیور بار کھولا ہے جہاں 300 روپے میں 15 منٹ تک 80 سے 90 فیصد خالص آکسیجن فراہم کی جائے گی۔ یہ بار مئی میں کھولا گیا جہاں صارفین کو متعدد خوشبوئوں سے لیس یا بغیر خوشبو کے خالص آکسیجن دی جاتی ہے۔ ان خوشبوئوں میں لیموں کے پتوں، لیونڈر، چیری، یوکلپٹس و دیگر شامل ہیں۔ صارفین کو آکسیجن کے لیے ٹیوب دی جاتی ہے جسے وہ ناک کے پاس رکھتے ہیں اور اس کے ذریعے سانس لیتے ہیں۔ جو خوشبو وہ منتخب کرتے ہیں اس کے ذریعے سانس، نیند و ہاضمے، سردرد، مایوسی وغیرہ بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ ایک صارف کے مطابق وہ لیموں کی خوشبو سونگھ کر تازہ دم محسوس کر رہا ہے، بار کے سینئر سیلز مین نے بتایا جو لوگ پہلی مرتبہ آزماتے ہیں وہ خود کو تازہ دم محسوس کرتے ہیں تاہم روزانہ استعمال کرنے والے فوائد لے سکیں گے۔ دہلی کے ڈاکٹر راجیش چائولہ کا کہنا ہے اس کے اگر مضر اثرات نہیں تو طویل المدتی فوائد بھی نہیں۔

