انہیں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے آرڈر سے کے ڈی اے کی اسکیموں کا ٹینڈر کرنے کا حکم ملا تھا، انجینئر ظہیر عباسی
انہوں نے ایسا کوئی لیٹر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو بھیجا ہو انہیں یاد نہیں ہے، سابق ڈی جی بدر جمیل میندھرو
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ سے متعدد بار رابطے کی کوشش، انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی، ذرائع
کراچی(وقائع نگار خصوصی)80 کروڑ روپے سے زائد لاگت کے ترقیاتی منصوبے ٹھکانے لگائے جانے کے حوالے سے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ایکسئن اور کے ایم سی کے انجینئر ظہیر عباس کا تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مذکورہ کاموں کے ٹینڈر کئے جاچکے ہیں اور ورک آرڈر بھی جاری ہوچکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ انہیں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے آرڈر سے کے ڈی اے کی اسکیموں کا ٹینڈر کرنے کا حکم ملا تھا تمام قانونی تقاضے پورے کئے جانے کے بعد ہی انہیں فائل بھیجی گئی جس پر ٹینڈر کرائے تھے،ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹینڈر طلبی کیلئے اشتہار دینا ان کاکام نہیں یہ متعلقہ محکمے کا کام ہے۔۔ان سے جب معلوم کیا گیا کہ جن کاموں کے ورک آرڈر جاری کئے جاچکے ہیں ان کے ٹینڈر تو گزشتہ روز کے ڈی اے نے کئے ہیں تو انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کا علم نہیں،دوسری طرف سابق ڈی جی بدر جمیل میندھرو سے ان کا موقف معلوم کرنے کیلئے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہوسکتاہے کہ انہوں نے ایسا کوئی لیٹر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو بھیجا ہو انہیں ابھی یاد نہیں ہے۔

