اسلام آباد (جسارت نیوز) غیرملکی کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل ا سکواش ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان میں آمد آج سے شروع ہو گی، ایونٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیراہتمام سے 15 دسمبر سے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ پاکستان ا سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایاکہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور ایونٹ میں ملکی اور غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ایونٹ میں ٹاپ 50 رینکنگ کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ مصر کے یوسف ابراہیم اور ہانگ کانگ کے تزونگ ٹونگ مرد اور خواتین ایونٹ کے ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں سمیت دوسرے غیرملکی کھلاڑی جن کا تعلق مصر، امریکہ، ہانگ کانگ، برطانیہ، ملائیشیا، جرمنی، پرتگال، اسپین، سوئٹزرلینڈ، اردن اور آسٹریا سے ہے۔ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل 17 دسمبر کو، سیمی فائنل مقابلے 18دسمبر کو جبکہ فائنل 19 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں مردوں کیلئے 20 ہزار ڈالر اور خواتین کیلئے 12 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ۔
