اے سی ، نان اے سی، چھوٹی بڑی تمام بسیں بند ہوں گی ٹرک ، منی مزدا ، چھوٹے بڑے تمام ٹرالربند رہیں گے
مطالبات نہ مانے گئے تو ہڑتال کو غیرمعینہ مدت کیلئے بڑھا دیا جائے گا‘چیئرمین پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں اپنے مطالبات کے حق میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے پنجاب 2 جنوری کو پنجاب بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی تاہم اب انھوں نے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے 2 جنوری کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے دی ہے۔چیئرمین پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس عصمت اللہ نیازی نیکہا ہے کہ اب پنجاب ، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان اورسندھ میں بھی پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔ 2 جنوری کو اے سی ، نان اے سی، چھوٹی بڑی تمام بسیں بند ہوں گی، اس کے علاوہ ٹرک ، منی مزدا ، چھوٹے بڑے تمام ٹرالر بھی ہڑتال پر ہوں گے۔عصمت اللہ نیازی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے، ہائی وے، رنگ روڈ پر ٹول پلازہ، جرمانوں میں اضافہ سمیت دیگر اضافی ٹیکس واپس لیے جائیں۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے حکومت کو دھمکاتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے تو ہڑتال کو غیرمعینہ مدت کیلئے بڑھا دیا جائے گا۔

