کراچی کے تاجر آپ سے کئی ملاقاتیں کرچکے ہیں لیکن مسائل حل نہیں ہو رہے
آپ کی معاشی ٹیم ہی آپ کے احکامات پر عمل نہیں کرتی ہے، شکوہ
سوئی سدرن گیس انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کراچی کی صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں
گیس بحران کی وجہ سے اربوں روپے کے ایکسپورٹ آرڈر وقت پر نہیں دیئے جا سکے ہیں
نیا سال عوام کیلئے کئی خوشخبریاں لائے گا، وزیراعظم کی تاجروں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی
کراچی (کامرس ڈیسک) تاجروں نے وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات کے دوران شکایتوں کے انبار لگا دیے اور گلے شکوے کیے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران تاجروں نے وزیراعظم سے کہاکہ آپ سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں لیکن مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تاجر رہنمائوں نے عمران خان سے شکوہ کیا کہ آپ کی معاشی ٹیم آپ کے احکامات پر عمل نہیں کرتی ہے، تاجروں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کراچی کی صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں، گیس بحران کی وجہ سے اربوں روپے کے ایکسپورٹ آرڈر وقت پر نہیں دیے جاسکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے مسائل ہیں، سوئی سدرن گیس انتظامیہ کو اسلام آباد بلا کر بات کروں گا۔ تاجر رہنمائوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر کا رویہ پہلے کی طرح تاجر دشمن ہے، ٹیکس نظام کو مزید بہتر کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تاجر برادری کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے، عمران خان نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ذریعے آپ سب سے رابطے میں رہوں گا، عمران خان نے گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ معاشی ٹیم کے تعاون نہ کرنے پر آپ مجھے مطلع کریں، نیا سال معیشت اور عوام کے لیے نئی خوشخبریاں لائے گا۔

