غیر ملکی اعلیٰ برانڈ کے سگریٹ کے سیکڑوں کارٹن ‘کئی ٹن چھالیہ اور بھاری مقدار میں انڈین گٹکا شامل
تقریباً 5 کروڑ کے لگ بھگ سامان کو دشوار گزار گلیوں میں بنے گوداموں میں چھپایا گیا تھا‘ذرائع
کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقے جوڑیا بازار میں ماڈل کلکٹریٹ کسٹمز نے کارروائی کی۔کسٹمز ذرائع کے مطابق ماڈل کلکٹریٹ کسٹم نے چھاپا مار کر کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کیا۔ذرائع کے مطابق کارروائی میں اسمگل کیے گئے غیر ملکی اعلیٰ برانڈ کے سگریٹ کے سیکڑوں کارٹن برآمد ہوئے۔برآمد کیے گئے سامان میں کئی ٹن چھالیہ اور بھاری مقدار میں انڈین گٹکا شامل ہے، جسے جوڑیا بازارکی دشوار گزار گلیوں میں بنے گوداموں میں چھپایا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق برآمد سامان کی مالیت تقریباً 5 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، گزشتہ شب ہونے والی اس کارروائی میں کسی کو بھی حراست میں نہیں لیا گیا ہے۔کسٹمز ذرائع کے مطابق چھاپے کے وقت گودام لاک تھے، اسمگل شدہ سامان برآمد ہونے کی ایف آئی درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

