کراچی کیلئے بجٹ میں رکھی گئی رقم جلد جاری ہوگی‘ جہانگیر ترین
کراچی کیلئے 25، حیدرآباد کیلئے5 ارب روپے کا فنڈز تاحال نہیں ملا، وسیم اخترکا شکوہ
جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے مطالبات، تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کروادی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے میئر کراچی وسیم اختر کو خوشخبری سنادی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنمائوں کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں ظہرانہ دیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ظہرانے میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، عمر ایوب، کنور نوید، فیصل سبزواری، وسیم اختر، خواجہ اظہار و دیگر نے شرکت کی۔ ظہرانے کے بعد ایم کیو ایم اور تحریک انصاف رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی‘ ملاقات میں صوبے کے مسائل، بلدیاتی اختیارات کے معاملات، تحریری معاہدے پر عملدرآمد اور فنڈز کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی پیکیج، نئی اسکیموں کا افتتاح اور فنڈز کے اجرا کا مطالبہ دہرایا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے شکوہ کیا کہ کراچی کے لیے 25، حیدرآباد کے لیے5 ارب کا فنڈز تاحال نہیں ملا، بلدیاتی اختیارات کی واپسی پر کوئی اقدامات نہیں ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے مطالبات، تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں جو رقم رکھی گئی ہے جلد جاری ہوگی‘ کراچی کے لیے8 ارب کے بعد دوسری قسط بھی جلد ملے گی۔

