عراقی دارالحکومت میں فضائی حملے میں 2درجن سے زائد پیرا ملٹری فائٹرز کی ہلاکت کے بعد مظاہرین کا مارچ
مظاہرین نے امریکہ مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سفارتخانے میں تھوڑ پھوڑ کی اور گارڈ ٹاور بھی نذرآتش کردیا
بغداد( مانیٹرنگ ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد پر فضائی حملے کے بعد ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے پر حملہ کردیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فوجی لباس میں ملبوس مردوں اور خواتین نے چیک پوائنٹس کی جانب مارچ کیا۔ اس دوران عراقی سیکیورٹی فورسز نے انہیں روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ مظاہرین نے سفارتخانے کی بیرونی دیوار عبور کی اور امریکہ مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سفارتخانے پر حملہ کردیا۔ تور پھوڑ کے بعد ایک گارڈ ٹاور کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔ سفارتخانے سے مظاہرین کو پیچھے ہٹنے کیلئے کئی مرتبہ انتباہ جاری کیا گیا۔ پیش قدمی نہ رکنے پر سفارتخانے میں موجود امریکی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل فائر کے۔ تاہم مظاہرین کے دھاوا بولنے سے قبل ہی امریکی سفارتکاروں اور سفارتخانے کے عملے کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا۔ برہم مظاہرین نے اپنی حکومت سے امریکی سفارتخانہ بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

