نامعلوم افراد کی جانب سے اس طرح کا امتیازی سلوک کبھی برداشت نہیں کریں گے، لندن پولیس
اسلام مخالف نعرے درج کئے جانے کے بارے میں سن کر شدید تکلیف پہنچی ہے، میئر صادق خان
لندن (نیٹ نیوز) برطانوی دارالحکومت لندن میں مسجد اور نارتھ برکسٹن اسلامی ثقافتی مرکز کے قریب واقع عمارت پر نامعلوم افراد نے اسلام مخالف وال چاکنگ کردی جس پر پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ برطانوی اخبار کے مطابق مسجد اور ثقافتی مرکز کے قریب واقع عمارت کی دیوار پر اسلام مخالف وال چاکنگ کو دیکھ کر صبح 11 بجے پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ میٹرو پولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت ہماری تفتیش جاری ہے اور ہم مقامی حکام کے ساتھ مل کر ان اشتعال انگیز ریمارکس کو جلد ازجلد مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، پولیس نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں تمام افراد کو بغیر کسی زبانی، جسمانی یا تحریری تضحیک کے اپنی زندگیاں گزارنے کا پورا حق حاصل ہے لہٰذا ہم اس طرح کا امتیازی سلوک کبھی برداشت نہیں کریں گے اور ہم ہرممکن حد تک اس طرح کے اشتعال انگیز واقعات کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب لندن کے میئر صادق خان نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نارتھ برکسٹن اسلاک سینٹر کے قریب اسلام مخالف نعرے درج کیے جانے کے بارے میں سن کر انہیں شدید تکلیف پہنچی ہے، انہوں نے کہاکہ میں واضح کردوں کہ اس طرح کے کاموں میں ملوث بزدل اور جرائم پیشہ عناصر سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

