موجودہ صورتحال میں برادر دوست اسلامی ملک سے وحدت کی امید ہے‘امریکی کیخلاف خطے کے ممالک کو متحد ہونا ہوگا
امریکی حکومت کے برعکس ایران کوئی قدم بغیر سوچے سمجھے نہیں اٹھائے گا‘ کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قاسم سلیمانی کی موت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال، ایران نے پاکستان سے مدد مانگ لی؟ کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں برادر دوست اسلامی ملک سے وحدت کی امید ہے، امریکی حکومت کے برعکس ایران کوئی قدم بغیر سوچے سمجھے نہیں اٹھائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی کی جانب سے قاسم سلیمانی کی موت کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور پاکستان کے کردار کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔ایرانی قونصل جنرل کا کہنا ہے دوست اسلامی ملک پاکستان سے وحدت کی امید ہے۔ بیرونی طاقتوں کی مداخلت خطے کے ممالک کے مفادات کیخلاف ہے۔امریکی جارحیت کیخلاف خطے کے ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔ ایرانی قونصل جنرل کا مزید کہنا ہے کہ ایران اپنے دشمنوں سے سخت انتقام لینے کامکمل حق رکھتا ہے، مناسب موقع پرامریکا کوسخت ردعمل دیں گے۔ احمد محمدی کا کہنا ہے کہ خطے میں موجودہ تناؤ کا ذمے دار امریکا ہے تاہم ہم نئے تنازعات کوجنم نہیں دیں گے۔امریکی حکومت کے برعکس ایران کوئی قدم بغیر سوچے سمجھے نہیں اٹھائے گا۔ ایران کا امریکا کو جواب مکمل طور پر قانونی ہوگا۔

