لاہور (جسارت نیوز) قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے کہا ہے کہ انڈر19ورلڈ کپ2020ء کی تیاری کے سلسلے میں کیمپ کے دوران سینئرز سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا، ہماری ٹیم مضبوط ہے ورلڈ کپ جیتیں گے،سینئرز ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں،ہمارے پاس بہترین آل رائونڈز‘بیٹسمین اور بولرز ہیں ،نئے کھلاڑیوں کو بطور کپتان گائیڈ کیا کہ کس طرح کھیلنا ہے،ٹیم کو ساتھ لیکر آگے چلوں گا،سائوتھ افریقامیں جیت سے ہمیں کافی اعتماد ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جنوبی افریقا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے جاری ٹریننگ کیمپ میں ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی اور ہمیں کوچز سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا ، اس حوالے سے اعجاز احمد نے ہمیں ٹپس دیتے ہوئے بتایا کہ ہم نے کس طرح سائوتھ افریقا کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہے اور کس طرح وکٹ پر اسٹینڈ کرتے ہوئے پہلے10 اوورز میں رنز بنانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی سائوتھ افریقا کا دورہ کرکے آئے ہیں ،ہم نے وہاں اچھا پرفارم کیا، ہم وہاں کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں، تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں اور وہ وہاں ورلڈ کپ کے میچز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے، ٹیم میں جو نئے کھلاڑی ہیں میں نے بطور کپتان ان کو بھی گائیڈ کیا ہے کہ کس طرح وہاں کھیلنا ہے، ہماری ٹیم بہت بیلنس ہے کیونکہ ہمارے پاس بہترین آل رائونڈرز،بیٹسمین اور بولر ہیں جو فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بہترین کارکردگی دکھا کر آئے ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیت کر آئینگے۔ روحیل نذیر نے کہا کہ مصباالحق اور سرفراز احمد نے بھی ہماری ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اور ہماری تعریف کی ہے جس سے ہمیں اعتماد حاصل ہوا ہے اور ہم انشاء اللہ بہتر پرفارم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جو نئے لڑکے شہزاد،حیدر علی،عامر علی،عباس ٹیم میں آئے ہیں سب پلیئرز فارم میں ہیں، ورلڈ کپ میں سینئرز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔انکا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے ،اعجازبھائی نے ایک چیز ہمیں ذہن نشین کروائی ہے کہ اگر میچ ہار جائو تو اس سے سبق سیکھو اور اگر جیت جائو تو مزید آگے بڑھو ،اس لئے ہم کسی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے چاہے وہ زمبابوے ہو،بھارت یا آسٹریلیا ہم نے اپنے آپ کو تیار کرنا ہے اور بس جیتنا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ انڈر 19 ایک بہتر ین پلیٹ ہے فارم جہاں سے کھلاڑی پرفارم کر کے قومی ٹیم میں جاتے ہیں میری بھی کوشش ہے ٹیم کو ساتھ لے کر آگے چلوں اور بہتر کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنائوں۔ انہوںنے کہاکہ میں بنیادی طور پر ایک بیٹسمین اور وکٹ کیپر ہوں اور مجھے وکٹ کے پیچھے کافی مدد ملتی ہے کہ میں نے ٹیم کو کس طرح چلانا ہے اس سلسلہ میں سرفراز بھائی جو کہ خود بھی ایک وکٹ کیپر بیٹسمین کا تجربہ رکھتے ہیں نے مجھے کافی ٹپس دی ہیں جن کوورلڈ کپ میں سامنے رکھ کر بہتر پرفارم کرونگا،ٹریننگ کیمپ میں مشتاق بھائی اور وقار یونس نے بھی ہمیں کافی مفید ٹپس دیں اور ہماری حوصلہ افزائی بھی کی۔
کھلاڑیوں کی کارکردگی اطمینان بخش،ورلڈکپ جیتیں گے،روحیل نذیر
القمر
