English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نئی سبزی منڈی میں چائنا کٹنگ ،نیب سے رابطے کی ضرورت نہیں،وزارت زراعت سندھ

القمر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت سندھ محمد اسماعیل راہونے حیدرآبادمیں 16فروری سے ایکسپو سینٹر میں فارمر مارکیٹ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبزی منڈی میں متنازع پلاٹس کی الاٹمنٹ سے متعلق تفتیش کے بعد ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ نئی سبزی منڈی کی اراضی پر چائنا کٹنگ کے معاملے پر نیب کو لکھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ نیب ایک خودمختیار ادارہ ہے اور وہ کارروائی بھی خود کرتا ہے جبکہ سبزی منڈی کو 2روز میں نئی سبزی منڈی ہالا ناکہ منتقل کرنے کیلیے تاجروں سے مشاورت کی گئی ہے ان کے تحفظات دور کیے جائینگے۔ وہ شہباز ہال حیدرآباد میں سبزی منڈی کی منتقلی سےمتعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلو چ ، ڈی جی زراعت ہدایت اللہ چھجڑو، ایڈیشنل کمشنر ون اینڈ ٹو ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو ، ایس ایس پی حیدرآباد عدیل احمد چانڈیو ، ڈویژن کے تمام ڈی سیز ، محکمہ زراعت ، پرائس کنٹرول کمیٹی ، مارکیٹ کمیٹی ، تاجر برادری کے نمائندوں اور زرعی تنظیموںکے نمائندے بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اجلاس کا مقصد تاجروں کو نئی سبزی منڈی میں منتقلی سے متعلق تحفظات دور کر کے انہیں آمادہ کرنا ہے کہ وہ 2روز کے اندر منتقلی کو یقینی بنائیں تاکہ وہاں تجارتی سرگرمیوں کا آغا ز ہو سکے،صوبائی وزیر اور و ڈویزنل کمشنر نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں جبکہ انکے تمام مسائل اور تحفظات ایک دو روز میں جنگی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے جس کیلیے اے ڈی سی ون کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر نئی سبزی منڈی میں منتقل ہو جائیں اور اگر وہاں انہیں کوئی مسائل در پیش ہوں تو وہ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سے رابطہ کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی سبزی منڈی میں تاجروں کی دکانوں کو دوسرے افراد کے نام منتقل کرنے میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئی سبزی منڈی کی اراضی پر چائنا کٹنگ کے معاملے پر نیب کو لکھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ نیب ایک خودمختیار ادارہ ہے اور وہ کارروائی بھی خود کرتا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے