چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17ہزار سے تجاوز،ووہان میں ایک ہزار بیڈ والا ہسپتال تیار، ونزائو شہرکا بھی لاک ڈائون
کورونا وائرس سے مزید ہلاک ہونے والے شہریوں میں سے ایک کا تعلق ووہان اور باقیوں کا صوبہ ہوبی کے دوسرے علاقوں سے ہے
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک )چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 360 ہو گئی ہے،چینی مشرقی صنعتی شہر ونزائو کا بھی کورونا وائرس کی وبا پھیلنے پرلاک ڈائون کر دیا گیا ہے۔چین کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مزید 57افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے چین میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد360ہو گئی ہے، جبکہ متاثرین کی تعداد 17ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔کورونا سے مزید ہلاک ہونے والے شہریوں میں سے ایک کا تعلق ووہان اور باقیوں کا صوبہ ہوبی کے دوسرے علاقوں سے ہے۔دریں اثنا چینی شہر ووہان میں 10روز میں ایک ہسپتال تیار کر لیا گیا ہے جس میں ایک ہزار بیڈ کی گنجائش ہے،مقمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہسپتال نے پیر سے کام شروع کر دیا ہے جہاں 1,400 فوجی معالجین اور میڈکس کورونا کے مریضوں کے لئے ہر وقت موجود ہیں۔اس ہسپتال کو فائر گاڈ مائنٹین کا نام دیا گیا ہے۔یہ ہسپتال ان دو میں سے ایک ہے جس کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر دس روز قبل شروع کی گئی تھی۔مقامی ذرئع کے مطابق ووہان کی طرز پر اتوار کو مشرقی صنعتی شہر ونزائو کا بھی کورونا وائرس کی وبا پھیلنے پرلاک ڈائون کر دیا گیا ہے،یہ شہر ووہان سی800 کلو میٹر دور مشرق میں آباد ہے جس کی آبادی 90 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے، وہاں فی خاندان ایک فرد کو ہر دوسرے دن گھر سے نکل کر سودا سلف لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

