English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نسیم شاہ کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں ہیٹ ٹرک

القمر

سید پرویز قیصر

پاکستان کے تیز بولر نسیم شاہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر بن گئے۔ انہوں نے جب راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ایسا کیا تو انکی عمر16 سال اور359 دن تھی۔اپنا چوتھا ٹیسٹ کھیل رہے دائیں ہاتھ کے اس تیز بولر نے اپنے 8ویں اوور میں جو بنگلا دیش کی دوسری اننگ کا 41 واں تھا، چوتھی، 5ویںاور چھٹی گیند پر اعلی ترتیب نجم الحسن شانٹو کو ایل بی ڈبلیو، تیج الاسلام کو بولڈ اور محمود اللہ کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ کراکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اس ہیٹ ٹرک کی بدولت بنگلادیش دوسری اننگ میں 62.2 اوور میں168 رنز بناکر آئوٹ ہوئی اور میزبان ٹیم ایک اننگ اور44 رنز سے ٹیسٹ میچ جیت گئی۔نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک انجام دینے والے پاکستان کے چوتھے اور کل ملاکر41 ویں بولر بنے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی تک پاکستان کی جانب سے 5 اور کل ملاکر45 ہیٹ ٹرک ہوئی ہیں۔ پاکستان کے لئے وسیم اکرم اور آسڑیلیا کے لئے ہک ٹرمبل اور جمی متھیوز نے اور انگلینڈ کے اسٹیورٹ برودڈ نے 2,2 مرتبہ ہیٹ ٹرک کی ہے۔نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہی نہیں بین الاقوامی کرکٹ میں بھی سب سے چھوٹی عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر ہیں۔ انہوں نے ایسا اپنی17 ویں سالگرہ سے پہلے کیا ہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بولر اپنی 19 ویں سالگرہ سے پہلے ایسا کرنے میں کامیاب نہیں رہا۔ٹیسٹ کرکٹ میں اس سے پہلے سب سے چھوٹی عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے کا ریکارڈ بنگلا دیش کے الوک کپالی کے پاس تھا۔ لیگ بریک بولنگ کرانے والے اس بولر نے پاکستان کے خلاف پشاور میں29 اگست2003 کو جب ہیٹ ٹرک کی تھی تو ان کی عمر19 سال اور240 دن تھی۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں اب چوتھے سب سے کم عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر ہیں۔بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بولروں میں دوسرا مقام پاکستان کے تیز بولر عاقب جاوید کے پاس ہے۔ انہوں نے جب شارجہ میںبھارت کے خلاف 25 اکتوبر1991 کو لگاتار 3گیندوں پر روی شاشتری، محمد اظہر الدیں اور سچن ٹنڈولکر کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی تو انکی عمر19 سال اور81 دن تھی۔ وہ 10 اوور میں37 رنز دیکر 7 وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے جو تب ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی تھی اب یہ10ویں سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔سب سے کم عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک انجام دینے والے بولروں میں تیسرا مقام پاکستان کے محمد حسنین کے پاس ہے۔ سری لنکا کے خلاف لاہور میں 5 اکتوبر2019 کو کھیلے گئے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں جب اس تیز بولر نے ہیٹ ٹرک کی تھی تو انکی عمر19 سال اور183دن تھی۔ اس اننگ میں وہ 4اوور میں37 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انکی ہیٹ ٹرک پاکستان کے کام نہیں آئی تھی اور وہ 64 رنز سے یہ میچ ہارگئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے