منیلا (انٹرنیشنل ڈیسک) فلپائن کی حکومت نے امریکا سے دفاعی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے نتیجے میں خطے میں امریکی مفادات کو دھچکا لگا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے امریکا کے ساتھ 2 عشرے پرانا دفاعی معاہدہ وزیٹنگ فورسز ایگریمنٹ (وی ایف اے ) ختم کردیا، جس کے تحت فلپائن میں امریکی فوجی اڈوں پر تعینات امریکی فوجیوں کو فلپائن کے قوانین سے استثنا حاصل ہوتا ہے جب کہ وہ ویزا اور پاسپورٹ کے بغیر بھی فلپائن آجاسکتے ہیں۔ فلپائن کے وزیر خارجہ ٹیوڈورو لوکسین نے بتایا کہ دارالحکومت منیلا میں امریکی سفارت خانے کو معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھجوادیا گیا ہے جس کے بعد 180 روز کے اندر یہ معاہدہ ختم ہوجائے گا۔ صدارتی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ فلپائن دیگر ممالک سے اپنے تعلقات استوار کرنے میں مزید آزادی چاہتا ہے اور صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے اس معاہدے کی دوبارہ بحالی کی امریکی کوششوں کی پذیرائی نہیں کریں گے اور نہ ہی وہ امریکا کے سرکاری دورے کی دعوت قبول کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ مارک ایسپر نے فلپائن کے اس اقدام کو خطرناک فیصلہ اور غلط سمت میں اٹھایا گیا قدم قرار دیا کیوں کہ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب امریکا اور اس کے اتحادی ایشیا میں چین پر بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری کے لیے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔
امریکا کو بڑا دھچکا‘ فلپائن نے دفاعی معاہدہ ختم کردیا
القمر
