واشنگٹن(آن لائن) امریکی سینیٹرز نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انٹرنیٹ قدغنوں اور سیاسی رہنمائوں کی گرفتاریوں کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے ان اقدامات کی شدید مذمت کی ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 4امریکی سینیٹرز کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو لکھے گئے خط میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ سینیٹرزنے بھارتی متنازع شہریت قانون اور بھارت میں ہونے والے مظاہروں پر بھی تشویش ظاہر کی ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے علاوہ طبی سہولیات تک لوگوں کی رسائی ، کاروبار اور تعلیم جیسے حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔ سینٹروں کا کہنا ہے کہ بھارت کو ایسے اقدامات کے خطرناک نتائج بھگتنا پڑیں گے ۔سینیٹرزکا کہنا ہے کہ بھارت نے متنازع شہریت قانون سے اقلیتوں کے مذہبی جذبات کو ابھارا ہے اور اس کے بعد محض سیاسی مقاصد کے لیے متعدد کشمیریوں کو گرفتار کیا ۔
امریکی سینیٹرز کا مائیک پومپیوکو خط، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش
القمر
