English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ناردرن نے ایم سی سی کو9رنز سے شکست دے دی

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن ناردرن نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ پیر کو ایچیسن کالج میں کھیلا گیا۔ ناردرن نے اوپنر علی عمران کے 64 رنز کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بناسکی۔ ایم سی سی کے کپتان سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر علی عمران اور ذیشان ملک نے ناردرن کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مستحکم اوپننگ شراکت کے باعث ناردرن کے دیگر بلے بازوں کو رنز بنانے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑا اور حریف ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 153 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہے۔ علی عمران نے 43 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرمد بھٹی 25 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ایم سی سی کی جانب سے روی بوپارہ نے 3 جبکہ رولوف اور عمران قیوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مہمان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کی بھرپور کوشش کی تاہم بلے بازوں کی جانب سے طویل شراکت نہ لگنے کے باعث وہ میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ ایم سی سی کی ٹیم مقررہ اوورز میں مطلوبہ ہدف سے 9 رنز کم اسکور کر پائی۔ سمت پٹیل کی جانب سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ایم سی سی کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ ایم سی سی کی ٹیم مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بناسکی۔ ناردرن کی جانب سے منیر ریاض اور مبصر خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے