English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان مہاجرین کو بسانے والا بڑا ملک بن گیا، سیکریٹری اقوام متحدہ

موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کو خطرات درپیش ہیں، قدرتی آفات سے یہ ملک بہت متاثر ہوا ہے
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، وہاں بنیادی انسانی حقوق کا بہر صورت احترام کیاجانا چاہیے۔ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر تحمل کا مظاہرہ کریں، بھارت اقوام متحدہ کے ساتھ سیز فائر کے معاہدے کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ دونوں ممالک میں امن کی بحالی کے لیے اور مسئلہ کشمیر مذاکرات میں سہولت کاری بھی کرسکتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی افغان مہاجرین کے لیے کھلے دل کا مظاہرہ کررہے ہیں ، پاکستان اب مہاجرین کو بسانے والا دوسرا بڑا ملک ہے جبکہ دہائیوں تک یہ پہلا ملک رہا ہے۔ انتونیوگرتریس کا کہنا تھا کہ امن مشنز میں پاکستان کے بھرپور کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات ناقابل قبول ہیں، مذہبی ہم آہنگی کے لیے برداشت اور ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر دنیا کے لیے خطرہ ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات درپیش ہیں، سیلاب اور قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں 80فیصد پانی زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے، پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات لاحق ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے