شاداب خان، کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ:
شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پانچویں ایڈیشن کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ کا ابتدائی کیمپ اسلام آباد میں لگایا گیا تھا جہاں مقامی کھلاڑیوں نے شرکت کی، اب غیرملکی کھلاڑیوں سمیت مکمل اسکواڈ کراچی میں ٹریننگ کرنے میں مصروف ہے۔شاداب خان نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ متوازی ہے اور بہترین قومی کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث ٹیم کا بولنگ اور بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ دونوں مضبوط ہیں۔
عماد وسیم، کپتان کراچی کنگز:
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو یقین ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز میں “ہاؤس فل” ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر بہت خوش ہیں۔عماد وسیم نے امید ظاہرکی ہے کہ کراچی کنگز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے
سہیل اختر، کپتان لاہور قلندرز:
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل فائیو میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک حسین امتزاج ہے اور وہ آف سیزن میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹر پر ایونٹ کی تیاری کرتے رہے ہیں۔ سہیل اختر نے مزید کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں۔
شان مسعود، کپتان ملتان سلطانز:
ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ایونٹ سے قبل ٹیم نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس میچز کے علاوہ ایم سی سی کے خلاف وارم اپ میچ سے کھلاڑیوں کا ردھم بحال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ 21 فروری کو اپنے پہلے میچ کے لیے “تیار ہیں”۔ شان مسعود نے کہا کہ ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں بہترین بلے باز اور اعلیٰ بولرز موجود ہیں، اسی طرح تجربہ کار اسپنرز کی شمولیت سے اسکواڈ مزید مضبوط ہوجاتا ہے۔
ڈیرن سیمی، کپتان پشاور زلمی:
ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی لیگ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشن 2020 سے قبل بھی تمام کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی قیادت کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ شعیب ملک کی شمولیت اسکواڈ میں ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔
سرفراز احمد، کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں میچ وننگ بولر اور بیٹسمین شامل ہیں، انہیں یقین ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سال ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی عوام کے سامنے مکمل ایڈیشن کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز سے نوجوانوں میں کرکٹ کا شوق بڑھے گا۔
ٹیموں کے کپتان پی ایس ایل کے آغاز کے منتظر
القمر
