English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قائمہ کمیٹی:جائیداد میں خواتین کی ملکیت کا بل اتفاق رائے سے منظور

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے عدالت عالیہ اسلام آباد کے ججز کی رہائش گاہیں، ڈپلو میٹک انکلیو میں بنانے کے منصوبے پر سخت اعتراضات کرتے ہوئے متبادل جگہ کی سفارش کردی ہے، یہ انتہائی حساس علاقہ ہے جہاں مختلف ممالک کی ایجنسیوں کے لوگ بھی خفیہ طورپر موجود ہوسکتے ہیں ، آلات بھی نصب ہوں گے ، پہلے بھی سفارتی علاقے سے وزیراعظم ہائوس کی گفتگو کی ریکارڈنگ کی شکایات موصول ہوئی تھیں، اس علاقے میں ججز کی رہائش گاہیں بنانے کا منصوبہ انتہائی رسک ہے،سفارتی علاقے میں ججز کی رہائش گاہیں بنانا قبول نہیں ہے۔ قائمہ کمیٹی نے خواتین کے جائدادکے ملکیتی حقوق سے متعلق بل کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا ہے۔ نیب آرڈیننس میں ترمیمی بل کو آج منگل تک مؤخرکردیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ہوا۔کمیٹی نے مقدمات کی تاریخ کے تعین کے حوالے سے ریڈرز کے اختیارات پر بھی سخت اعتراضات کیے ۔ کاز لسٹ میں مقدمات کی بھرمار ہوتی ہے ،20فیصد مقدمات کی شنوائی ہوتی ہے 80فیصد کی ریڈرز اپنی مرضی سے تاریخ دے دیتے ہیں۔500سے 1000 روپے لیتے ہیں ،سائل کو پیشیپر 6ہزار روپے کے اخراجات کرنے پڑتے ہیں، ریڈرز کے پاس تاریخ کے تعین کا اختیار نہیں ہونا چاہیے ، سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے ۔ قائمہ کمیٹی نے ججز تقرریوں کے طریقہ کار کے حوالے سے مجوزہ قانون سازی پر غورکرنے کا اعلان بھی کیا ہے اس حوالے سے بارکونسلوں سے مشاورت کی جائے گی۔ عوامی سماعت کے ذریعے ججز کی تقرری ہونی چاہیے۔کمیٹی نے وزارت قانون سے آزادکشمیر کے مرحوم سیاستدان سردارخالد ابراہیم کے جوڈیشل کمیشن اسلام آباد میںدائرر یفرنس کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔ وزارت قانون نے ابتدائی طورپر اس قسم کے ریفرنس سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے