کابل/ منامہ/ کویت سٹی/ تہران / بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں ہوش ربا اضافے کے ساتھ ہی ہمسایہ ممالک میں بھی اس وبا کے شکار افراد سامنے آنے لگے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق افغانستان میں بھی اس وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔ رائٹرز کے مطابق افغانستان کے وزیر صحت فیروزالدین فیروز نے صوبے ہرات میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔افغان وزیر صحت نے صوبے بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا بھی اعلان کیا۔ ہرات کی سرحد ایران سے ملتی ہے۔ وزیر صحت نے صوبے ہرات کے سرحدی علاقوں میں رہایش پذیر شہریوں کو گھروں میں رہنے اور اپنی آمدورفت محدود رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزارت صحت کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ تینوں افراد حال ہی میں ایران سے واپس آئے ہیں۔ دوسری جانب بحرین نے بھی ملک میں پہلے کورونا متاثر کی تصدیق کردی ہے۔ جب کہ کویت نے ایران سے آنے والے 3 افراد میں اس وائرس کی تصدیق کی۔ چین سے پھیلنے والے اس وائرس سے خطے میں سب سے زیادہ ایران ہی متاثر ہے، جہاں یہ وبائی شکل اختیار کررہا ہے اور اس سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام میں ناکامی پر عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پرنکل آئے ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں طالش کے مقام پر نورانی اسپتال کے باہر شہریوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی کے خلاف احتجاج کیا۔ ایرانی وزارت صحت نے 50ہلاکتوں کی خبر کو مسترد کردیا ہے۔ پیر کے روز جنوبی کوریا میں مزید 70 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 833 ہو گئی ہے۔ جب کہ کورونا وائرس سے چین میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2592 ہو چکی ہے۔ چینی حکام نے کورونا وائرس کے نئے کیسوں کی شرح میں کمی کے بعد دارالحکومت بیجنگ سمیت دیگر شہریوں میں عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ تاہم سالانہ نیشنل پیپلز کانگریس کو باضابطہ طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ نے پیرکے روز بتایا کہ کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے ارکان نے 5 مارچ کو شروع ہونے والے سالانہ اجلاس کو ملتوی کر دیا ہے۔خبر میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئی تاریخ کا تعین کرنے لیے کمیٹی کے ارکان دوبارہ ملاقات کریں گے۔
ایران/ افغانستان/ کویت/ اٹلی: شہری ماسک اور حفاظتی اشیا خرید رہے ہیں‘ ہمسایہ ملک سے داخل ہونے والے شہری کی جانچ کی جارہی ہے‘ ہوائی اڈے پر سیکورٹی اہل کار گشت کررہے ہیں‘ شاہراہ پر ناکہ لگاہوا ہے
کورونا وائرس ،افغانستان بحرین اور کویت بھی پہنچ گیا
القمر
