حکومت سندھ کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا، فیس ماسک مارکیٹ میں بلیک میں فروخت کرنے کیلئے چھپائے گئے تھے
تمام ماسک بحق سرکار ضبط کرنے کے بعد کراچی کے آئی آئی ڈپو منتقل کردیئے گئے، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی
کراچی(کرائم رپورٹر)ڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ کی بڑی کارروائی ،بلیک میں فروخت کے لئے چھپائے جانے والے40ہزار فیس ماسک برآمد کر لئے گئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے ماتحت ڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ کے چیف محمد شعیب انصاری اورضلع ملیر کے ڈرگ انسپکٹر شاہد عباسی کی قیادت میں کراچی کے پانچ ڈرگ انسپکٹرز ذاکرحسین سموں ،دلاورجسکانی، ساجد میمن نے فیس ماسک بنانے والی تھری ایم کمپنی کے ایک ویئرہائوس پرمنگل کے روز چھاپہ مارکر چالیس ہزار فیس ماسک برآمد کرکے بحق سرکار ضبط کرلئے گئے جوکمپنی کے ڈسٹرٹی بیوٹر نے بلیک میں فروخت کرنے کیلئے چھپائے تھے مذکورہ کارروائی ایک خفیہ اطلاع پرکی گئی اورگزشتہ کئی روز سے ویئرہائوس کی نگرانی کے بعدمنگل کی دوپہر کامیاب چھاپہ مارکر40ہزار فیس ماسک قبضے میں لے کرکراچی کے آئی آئی ڈپومیں منتقل کردیئے گئے ہیں۔ چیف ڈرگ انسپکٹر شعیب انصاری کے مطابق مذکورہ فیس ماسک این نائن ہیں جواسپتالوں میں حساس مقامات پراستعمال کئے جاتے ہیںلیکن اس چھاپے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔

