اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کرناترقی کےعمل کیلئے بہت اہم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم مزدور کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا کے باعث صحت کے سنگین مسائل کے ساتھ ساتھ مزدوروں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، اس صورتحال میں حکومت نے بڑا مالی پیکیج دیا ہے، مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ورکرز کا کردار بہت اہم ہے تاہم موجودہ حکومت نے پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی کے پروگرام شروع کیے ہیں جبکہ ترقی کے ثمرات کو معاشرے کے تمام طبقات کی خوشحالی میں بدلنےکیلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا نے محنت کش طبقے کو بری طرح متاثر کیا، صدر مملکت
وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ روزانہ اجرت پر کام کرنیوالے متاثر ہوئے ہیں، حکومت محنت کشوں کیلئے کام کےماحول،ان کی زندگی کےمعیار کوبہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے جبکہ ہمارا مذہب سماجی انصاف کے اصولوں اور لوگوں کے حقوق کے احترام کا درس دیتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ محنت کیلئے احترام،مزدوروں کے حقوق کو تسلیم کرناترقی کےعمل کیلئے بہت اہم ہے اور یہ دن ہمیں ان محنت کشوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کیلئے جانیں قربان کیں۔
