English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام میں مختلف اہداف پر اسرائیلی بم باری

القمر

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے فوجی ہیلی کاپٹروں نے شام میں قنیطرہ اور تل احمر کے علاقوں میں اسدی فوج اور ایران نواز ملیشیاؤں کے کئی عسکری ٹھکانوں کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔شامی مبصر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 5 میزائل درعا اور قنیطرہ کے دیہی علاقوں پر داغے۔ شامی مبصر کے مطابق زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔ اس دوران اسرائیل کی جانب سے درعا صوبے میں تل احمر کے علاقے، معریہ قصبے کے اطراف اور شام کے جنوب میں درعا صوبے کی انتظامی سرحد کے نزدیک قنیطرہ میں اسدی فوج اور ایرانی ملیشیاؤں کی عسکری چیک پوائنٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم ابھی تک حملے میں ہونے والے کسی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔ اسدی ذرائع ابلاغ کے مطابق کارروائی میں صرف مادی نقصان ہوا ہے۔ یاد رہے کہ اسد حکومت نے ایک ہفتہ قبل حمص کے مشرقی دیہی علاقے میں اسرائیلی حملے کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران زور دار دھماکے بھی سنے گئے۔ اسد حکومت کے مطابق یہ دھماکے شامی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے لبنان کی فضاؤں میں معلق اسرائیلی طیاروں کے فضائی حملے کو روکے جانے کے نتیجے میں ہوئے۔ اس کارروائی میں حمص صوبے کے مشرق میں واقع دیہی علاقے تدمر میں ایرانی ملیشیاؤں کے عسکری چیک پوائنٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل جنگ زدہ ہمسایہ ملک شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران وقتاً فوقتاً حملے کرتا رہتا ہے۔ اسرائیلی حملوں کا نشانہ ایرانی ملیشیائیں اور ان کے حلیف دیگر عسکری گروہ ہوتے ہیں، جن میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ سرفہرست ہے۔ اسرائیلی جنگی طیارے شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں کئی بار حزب اللہ اور ایرانی جنگجوؤں کے اہم ٹھکانوں پر بم باری کرچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے