سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزدور تنظیموں کے نمائندوں کا پریس کلب پر مظاہرہ، مظاہرین کی جانب سے مہنگائی کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین سے محنت کش مزدور رہنماؤں نے خطاب کرتے کہا کہ شکاگو کے شہیدوں کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جاسکتی۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں مزدوروں کے لیے زندگی تنگ کردی گئی ہے، بجلی ،گیس، اشیائے خوردنوش مہنگی کرکے مزدور سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے، مزدور سے اس کے جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔ پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین اور دیگر مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے سکھر میں یوم مئی پر شکاگو کے شہدا کی یاد میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پریس کلب پر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرے میں شامل رہنماؤں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف نعرے بازی کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مزدوروں کے استحصال کا سلسلہ جاری ہے، قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک کے مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں دیے گئے ہیں بلکہ ان کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف کالے قوانین لائے جاتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے مزدوروں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ گیس، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مہنگی کرکے ان سے جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کے مزدوروں کو حقوق دیے جائیں اور مہنگائی پر قابو پاکر انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔
قیام پاکستان سے آج تک مزدوروں کو ان کے حقوق نہیں دیے گئے
القمر
