اسلام آباد (جسارت نیوز)عالمی کوالیفائڈ لیول ٹو لیکچرار ونگ کمانڈر ریٹائرڈ پرویز سعید میر نے کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے سائوتھ ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 میڈلز حاصل کرکے ثابت کردیا کہ ملک میں اتھلیٹکس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ساری کامیابی کا کریڈٹ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ر محمد اکرم ساہی اور ان پوری ٹیم کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کے لئے تھوڑی سی مزید توجہ د یتی تو اتھلیٹکس میں مزید میڈلز حاصل کئے جاسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں بہت کم عرصے تقریبا دو ہفتے کیلئے تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا، پھر بھی قومی ایتھلیٹ نے اتیھلیٹکس کے ایونٹ میں 13 میڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا، جن میں سونے کے پانچ، چاندی کے دو اور کانسی کے چھ تمغے شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی میڈلز حاصل کئے۔پرویز سعید میر نے کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اوراس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، فیڈریشن تو اپنی مددآپ کے تحت اور کم محدود وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے لیکن حکومت کی طرف سے بھی کھیل کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ضرورت ہے اور حکومت پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں بھی اضافہ کرے، حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو میڈلز حاصل کرنے کے بعد انعامی رقوم سے نوازنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں پرویز سعید میر نے کہا کہ حکومت کا یہ بہت بڑا مثبت اقدام ہے اس انعامی رقوم سے کم ازکم کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہونے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں میں مزید کھیلنے کا شوق پیدا ہو گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کی بھی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تھی جوکہ نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ کوچز نے کھلاڑیوں پر بھر پور محنت کر کے اس قابل بنایا۔ آن لائن سیف اتھلیٹکس ٹیکنیکل آفیشلز کورس اور سیمینار کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کورس کی کامیابی کا سہرا بھی پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اور چیئرمین سائوتھ ایشین اتھلیٹکس فیڈریشن میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی کے سر پر جاتا ہے۔
پاکستانی ایتھلیٹس میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ونگ کمانڈر پرویز سعید میر
القمر
