لاہور (جسارت نیوز)پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق رکن چوہدری منیر احمد نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے کلب سطح پر اقدامات اٹھانے ضرورت ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے عہدیداروں کی سیاست سے کنارہ کشی کرنے کی ضرورت ہے، چوہدری منیر نے کہا کہ کھیلیں اس وقت تباہی کی طرف گئیں ہیں جب عہدیداروں نے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانتداری سے نہیں نبھائیں بلکہ کرسی کا لالچ کیا، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی اداروں کا بھی ایک بڑا اہم کردار رہا ہے جو کہ آج کل نہ ہونے کے برابر ہے، انہوں نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کھلاڑیوں کو وہ مقام نہیں مل رہا جو غیرملکی کھلاڑیوں کو مل رہا ہے اور ہمارے ہاں سب سے بڑا کھلاڑیوں کی بے روزگاری کا مسئلہ ہے اور کئی اداروں نے اپنی ٹیمیں ختم کردی ہیں جس سے کھلاڑی بے روزگار ہوئے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے قومی ہیروز اور سرمایہ ہیں یہ عالمی سطح پر کھیلوں کے ذریعے ہی ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔
فٹ بال کی ترقی کیلیے کلب سطح پر اقدامات اٹھانے ضرورت ہے، منیر احمد
القمر
