English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی عرب سے پیٹریاٹ میزائل ہٹانے کا امریکی فیصلہ

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے سعودی عرب سے پیٹریاٹ میزائل میزائل ہٹانے اور عسکری تنصیبات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے بعد سعودی عرب میں آئل فیلڈز کی حفاظت کے لیے عسکری تنصیبات میں اضافہ کیا تھا، جنہیں اب ختم کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں امریکا سعودی سرزمین سے پیٹریاٹ اینٹی میزائل سسٹم اور دیگر عسکری تنصیبات ختم کررہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ سعودی آئل فیلڈز کی حفاظت کے لیے زمین پر میزائل اور جنگی طیاروں کے حملوں سے تنصیبات کو بچانے والے پیٹریاٹ میزائل کی 4بیٹریوں کو آئل فیلڈز سے ہٹادیا جائے گا، جب کہ بیٹریوں پر تعینات کیے جانے والے درجنوں فوجیوں کو بھی وہاں سے ہٹاکر دوسری جگہ تعینات کیا جائے گا۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ پیٹریاٹ سسٹم کو ہٹانے کا عمل جاری ہے اور اس بات کو اس سے پہلے کبھی منظر عام پر نہیں لایا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اس سے قبل امریکی لڑاکا طیاروں کے 2اسکوارڈنز پہلے ہی خطے سے نکل چکے ہیں اور اب امریکی حکام خلیج سے امریکی بحریہ کی تعداد میں بھی کمی پر غور کررہے ہیں، جب کہ بحریہ کی تعداد میں کمی امریکی حکام کے اس اندازے کی بنیاد پر کی جارہی ہے کہ امریکا کے اسٹرٹیجک مفادات کو ایران سے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سعودی عرب کی جانب سے کوئی رد عمل نہیں دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جنوری میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور اب اس کے ساتھ کورونا کی موجودہ صورت حال نے ایران کو کمزور کردیا ہے، جس سے خطے میں تہران کی صلاحیتوں میں کمی ہوئی ہے۔ تاہم بعض ذرائع یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ تیل کی قیمتوں پر سعودی عرب کی من مانی نے امریکا کو یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے