English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے مزید18افراد جاں بحق‘ 1939نئے مریض‘ سندھ میں ریکارڈ1080مثبت کیسز

القمر

کراچی،اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور، کوئٹہ، پشاور ،گلگت(اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک + خبر ایجنسیاں)پاکستان میں کورونا سے مزید 18 افراد جاں بحق، 1939 نئے مریض بھی سامنے آگئے،کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 637 جب کہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 28745 تک جاپہنچی ہے،سندھ میں ریکارڈ1080مثبت کیسزسامنے آ ئے۔ملک میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 637 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 28745 تک جاپہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 234 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 191 اور سندھ میں 180 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 24، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ہفتے کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 1939 کیسز اور 18 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 1080 کیسز 4 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا میں 182 کیسز اور 13 ہلاکتیں، پنجاب 438 کیسز، بلوچستان 151 کیسز، گلگت بلتستان 36 کیسز ایک ہلاکت، اسلام آباد 51 کیسز اور آزاد کشمیر سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 1080 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو صوبے میں وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک ایک روز میں کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے جب کہ نصف سے زائد کیسز کراچی سے سامنے آئے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 5498 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹوں کی تعداد 87108 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹے میں کیے گئے ٹیسٹوں میں 1080 نئے کیسز سامنے آئے۔سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 771 تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتیں 180 ہوگئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 80 افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2020 ہوگئی ہے۔مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ہم نے کراچی میں مختلف دکانوں اور سبزی فروشوں کے پاس عوام کے ٹیسٹ کیے ہیں ان میں کچھ دکاندار اور وہاں پر موجود گاہک مثبت آئے ہیں اور 24 گھنٹے میں سامنے آنے والے 1080 کیسز میں سے 583 کا تعلق کراچی سے ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی سے 78، کورنگی 61،غربی 55 ، جنوبی 143، ملیر 133 اور ضلع شرقی سے 113 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں میرپور خاص سے 4، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ میں 3-3 ، ٹنڈوالہیار 2 ، کشمور کندھ کوٹ 8، شہید بینظیرآباد 7، مٹیاری 5، سکھر 34، حیدرآباد 19، گھوٹکی اور لاڑکانہ 17-17 جب کہ خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں 246 کیسز مثبت آئے ہیں۔اسٹاف ر پورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلع خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں ایک خاتون جس کو اچانک تکلیف ہوئی اور انتقال کرگئی۔ وہ عورت حیدرآباد سے آئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد پیر جو گوٹھ میں 4 مئی کو 35 ٹیسٹ کیے جس میں 10 کیسز سامنے آئے تھے، 6 مئی کو 97 ٹیسٹ کیے جس میں سے بھی 10 کیسز ظاہر ہوئے، 7 مئی کو 59 ٹیسٹ کیے جس میں 7 مزید کیسز ہوئے، 8 مئی کو 251 ٹیسٹ کیے اور 246 کیسز سامنے آئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ یہ ایک چھوٹے گائوں میں بہت زیادہ کورونا کیسز ہیں، پیر جو گوٹھ میں اس وقت کل 277 کورونا کے کیسز ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پیر جو گوٹھ میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 7 ٹیموں کو مقرر کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ فوری طور پر 1500 ٹیسٹنگ کٹس بھی خیرپور بھیج دی ہیں۔دوسری جانب ذرائع کے مطابقخیرپور کا علاقہ پیرجو گوٹھ کورونا کا گڑھ بن گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق خیرپور کے علاقے پیرجو گوٹھ کے 250 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مقامی لوگوں کو کورونا وائرس کا علم بھی نہیں تھا۔ذرائع نے بتایا کہ وائرس سے سب سے پہلے ایک خاتون متاثر ہوئی جن کے انتقال کے بعد جب کورونا ٹیسٹ کیا گیا تو وہ مثبت آیا۔ ذرائع کے مطابق جن لوگوں نے میت کو غسل دیا وہ بھی متاثر ہوئے جن میں پہلے 10 پھر 30 اور اب تک 250 سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ وائرس میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔علاوہ ازیں ہفتے کوپنجاب میںکورونا کے مزید 438 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10471 ہوگئی ہے۔بلوچستان میں اب تک کورونا کے مزید 151 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1876 ہوگئی ہے۔صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوئی ہے جب کہ 222 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے مزید 51 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔گلگت بلتستان میں ہفتے کو مزید 36 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدق محکمہ صحت گلگت بلتستان نے کی۔گلگت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 430 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات 4 ہوگئی ہیں۔ گلگت میں کورونا وائرس سے اب تک 303 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سے ہفتے کوکورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 79 ہوگئی ہے اور 60 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔خیبر پختونخوا میں ہفتے کو کورونا سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 234 تک جاپہنچی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 182 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4509 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1086 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے