لاہور (آن لائن) قومی احتسا ب بیورو نے چنار باغ ہائوسنگ سوسائٹی کے فنڈز میں مالی بے ضابطگیوں پر طیب رضوی، نور اسد الرحمان سمیت 12 ملزموں کیخلاف 2ارب مالیت کی خوردبرد کا ریفرنس دائر کر دیا۔ احتساب عدالت نے ریفرنس پر باقاعدہ کارروائی کے لیے ملزمان کو کل (پیر) کے روز طلب کر لیا۔ نیب نے ملزمان کیخلاف لگ بھگ 2 ارب روپے مالیت کی بے ضابطگیوںکے الزام میں ریفرنس دائر کیا۔ ریفرنس میں موقف اپنایا گیا کہ 560 شہریوں کو پلاٹ کی فائلز بیچی گئیں لیکن انہیں پلاٹ نہیںدیے گئے، ملزمان نے مجاز اختیار کے تحت سوسائٹی کی رقم کو استعمال کیا اور اس طرح اختیارات سے تجاوز کے مرتکب ہوئے۔ ملزمان نے ملی بھگت سے ایک ایسی سوسائٹی کے نام پر پلاٹ فروخت کیے جو ایل ڈی اے منظور شدہ نہیں تھی۔ متاثرین کو 2012ء سے نہ پلاٹ ملا اور نہ کی رقم واپس کی گئی ہے۔ ریفرنس میں نامزد ملزم عبوری ضمانت پر ہیں جس کی معیاد 18مئی کو ختم ہو رہی ہے۔
چنار باغ ہائوسنگ: بے ضابطگیوں پر 12 ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر
القمر
