English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت پنجاب کے ہوم آئیسولیشن کیلئے قواعد و ضوابط جاری

القمر

حکومت پنجاب نے ہوم آئیسولیشن کیلئے قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب  فیاض الحسن چوہان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوم آئیسولیشن کیلئے خصوصی ہوم آئیسولیشن کمیٹی بنے گی، متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوم آئیسولیشن کمیٹی کے اراکین کو نا مزد کرے گا،ضلعی ہوم آئیسولیشن کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر کرے گا۔

انہوں نےکہا کہ کمیٹی میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار شامل ہوں گے شہری اور دیہی یونین کونسل کی سطح پر سب کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی، کمیٹی ہوم آئیسولیشن کیلئے گھروں کے سائز اور اہلخانہ کی تعداد کی جانچ کے بعد اجازت دے گی، جس مریض میں کورونا کی ہلکی علامات ہوں گی وہی ہوم قرنطینہ کا اہل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اگر مریض کی حالت خراب ہو تو اسے ہوم قرنطینہ کی اجازت نہیں ہوگی، کورونا مریض،دیگر اہلخانہ کی تعلیم، ہوم آئیسولیشن کی بنیادی ضروریات کے بارے علم کو بھی پرکھا جائے گا، ہوم آئیسولیشن میں مریض روزانہ اپنی صحت کے متعلق اپڈیٹس محکمہ صحت کو بھجوانے کا پابند ہوگا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق مریض طے کردہ طریقہ کار کے تحت اپنے ٹیسٹ بھی کرواتا رہے گا، کورونامریض کو ہوم آئیسولیشن کے دوران ہر دس دن بعد اپنا ٹیسٹ کروانا ہوگا، دو بار ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر مریض ہوم آئیسولیشن ختم کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوبار منفی ٹیسٹ کرانے میں درمیانی مدت چوبیس گھنٹے ہونی چاہیے، اگر دوسری بار بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تو دوبارہ ٹیسٹ اگلے پانچ دن بعد کروانا ہوگا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کیلئے محکمہ صحت کا عملہ گھر سے سیمپل لے گا، مریض کو حکومت سے منظور شدہ پرائیویٹ لیبارٹری سے بھی ٹیسٹ کرانے کی اجازت ہوگی، جن علاقوں میں ٹیسٹنگ سہولت میسر نہیں وہاں مریض علامات ختم ہونے کے بعد مزید دو ہفتے کیلئے خود کو آئیسولیٹ رکھے گا، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت نے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے