وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے لاک ڈائون میں 31 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈائون میں اضافے سے متعلق نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا ہے،نوٹی فیکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں تعمیراتی سیکٹر جس میں اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرانک آلات، پینٹس کی انڈسٹری کھول دی گئی ہے۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق سینیٹری ورکس، ہارڈ ویئر کی دکانیں ، کریانہ اسٹورز بھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دارالحکومت اسلام آباد میں دکانوں کو ہفتے کے 5 دن تک کھولنے کی اجازت دی گئی ۔
دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے نوٹی فکیشن میں مزید کہا ہے کہ جنرل اسٹورز، بیکریز، آٹا چکی، ڈیری شاپس کو پورا ہفتہ کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی جبکہ چھوٹی مارکیٹس میں ایس او پیز کے ساتھ دکانیں کھولی جا سکیں گی۔
