اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ صحت عمران نیازی نے 2 سال میں ہر شعبے کی طرح شعبہ صحت کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان وزیرِ صحت عمران خان کی کرپشن کا جواب دیں۔ مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں وزیرِاعظم پر طنز کرتے ہوئے انہیں وزیرِ صحت کہہ کر مخاطب کیا، انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ صحت عمران خان کی وجہ سے اسلام آباد کے اسپتالوں کی مینجمنٹ کا برا حال ہے، ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ ہتھیاروں کے بغیر کورونا کے
خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیرِ صحت عمران خان نے عدالتی حکم کے باوجود اب تک پی ایم ڈی سی کو بحال نہیں ہونے دیا، اسلام آباد کا سب سے بڑا اسپتال عارضی انتظام پر چل رہا ہے، وزیرِ صحت عمران خان اب تک سیکرٹری صحت کا تقرر بھی عمل میں نہیں لاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن عارضی انتظام پر چلایا جارہا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا مستقل سربراہ اب تک تعینات نہیں ہوسکا۔ وزیر صحت عمران خان اب تک مستقل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ تعینات نہیں کرسکے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ اربوں روپے کی ادویات کے اسکینڈل کی شفاف تحقیقات ہوسکیں۔
عمران نیازی نے ہر شعبے کی طرح محکمہ صحت کو بھی تباہ کردیا، مریم اونگزیب
القمر
