ریاض(صبا ح نیوز)اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عسکری نہیں بلکہ سیاسی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے۔ اگر عسکری طور پر مسلہ کشمیر حل ہوسکتا تو بھارت کی 8لاکھ فوج وادی میں موجود ہے، وہ حل کر چکی ہوتی مسئلہ کشمیر کشمیریوں کو حق خودارادیت دیے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک میڈیا فورم ریاض کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نو9ماہ سے جاری کرفیو اور بھارتی مظالم پر آن لائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں پاک میڈیا فورم کے صحافی، سیاسی،سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنمابھی شریک تھے۔اس موقع پر او آئی سی میں مستقل پاکستانی مندوب رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی گزشتہ 5 سال سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے کوشاں ہے۔ بھارت مسلسل کرفیو اور لاک ڈائون کر کے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہے اور کشمیر کی آئینی شناخت کو ختم کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، کشمیر سمیت بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ناروا سلوک اور جارحیت کی نئی مثالیں قائم کر رہا ہے جس کی بدولت بھارت عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انٹرنیشنل میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کے خلاف ہیں، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں اور کشمیریوں کے موقف کی حمایت کر رہے ہیں اب تو بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوچکی ہیں جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کر رہی ہیں۔ مودی سرکار آر ایس ایس کے نظریات کی پیروکار ہے مگر یہی نظریات بھارت کو دنیا میں تنہا کر رہے ہیں۔
مسئلہ کشمیر کو سیاسی وعالمی قوانین کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے‘ او آئی سی
القمر
