دبئی میں پاکستانی قونصل خانہ کا کہنا ہے کہ 63 ہزار پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں جنہیں واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
دبئی میں قائم پاکستانی قونصل خانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ نوکریوں سے برخاست کیے گئے ہزاروں بے روز گار وطن واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں ، وطن واپسی کے لیے 5 ہزار پاکستانی حاملہ خواتین اور 2 ہزار بیمار افراد وطن واپسی کے لیے رجسٹریشن کرواچکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اب تک 6 ہزار پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے لیے وطن واپس بھیجا گیا ہے اور ہزاروں کے تعداد میں لوگ خود کو رجسٹرڈ کروا رہے ہیں، انہیں وطن لانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں اور اسپیشل فلائٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مستحق اور ضرورتمند افراد کو وطن واپسی کا فری ٹکٹ بھی دیا گیا ہے، امید ہے عیدالفطر کے بعد ریگولر پروازیں کھل جائیں گی۔
