کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں تاجر رہنماؤں کے وفد نے سندھ تاجر اتحاد کے صدر جمیل پراچہ،الیکٹرونکس ڈیلرزایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کی قیادت میں ملاقات کی اور لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار ی بندش کے خلاف اور مارکیٹیں کھلوانے پر ان کا شکریہ اداکیا۔
وفد میں وائس چیئرمین سلیم میمن، جوائنٹ سکریٹری ضیاء جامعی،گلشن اقبال مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر مرزا صادق بیگ عبد الماجد، جاوید صدیقی، عدنان صدیقی اور دیگر بھی شامل تھے۔
جمیل پراچہ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے مارکیٹیں کھلوانے اور تاجروں کی جدوجہد میں آگے بڑھ کر تاجرو ں کا ساتھ دیا اور مسائل کے حل کے لیے تاجروں کے شانہ بشانہ رہے۔
الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک اور بحریہ ٹاؤن کے مسائل پر بھی عوام کی ترجمانی کی ہے اوران کے اس جدوجہد سے عوام کو ریلیف ملا۔
حافظ نعیم الرحمن نے تاجررہنماؤں کا ادارہ نورحق آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے تاجروں سمیت مختلف طبقات سے وابستہ افراد کے لیے جدوجہد کی ہے اور ان کے مسائل حل کرائے ہیں،موجودہ حالات میں کروناوائرس اور حکومتی لاک ڈاؤن کے باعث تمام چھوٹے بڑے تاجروں کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تمام تاجر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ زندگی کا پہیہ بھی چلتا رہے اور کرونا وبا سے بھی بچا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بلا تفریق ہر طبقہ کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
